مولانا رحمانی کی رحلت ملت کے لئے ایک بڑاخسارہ
(مولانا محمد ولی رحمانیؒ کے انتقال پر صدرجمعیۃعلماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا)
نئی دہلی:: خانقاہ رحمانی کے سجادہ نشیں، امیرشریعت بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ،وجنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے انتقال پر ملال پر صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے اپنے گہرے رنج ودکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اعتدال، توازن،توسع اور کشادہ نظری مولانامرحوم کا امتیازی وصف تھا۔وہ ملت کے ہر طبقہ میں مقبول اور ہر دلعزیز تھے۔ایسی شخصیت کا داغ مفارقت دے جانابلاشبہ ایک عظیم سانحہ ہے، اپنے پرانے دنوں کو یادکرتے ہوئے مولانامدنی نے طالب علمی کے دوران مولانا ولی رحمانی کے ساتھ گزارے ہوئے دنوں کو یادکیا اور کہا کہ دارالعلوم کے طالب علمی کے دوران وہ میرے ساتھی بھی تھے اور ان کی صلاحیت اسی زمانہ سے اجاگر ہورہی تھی، فراغت کے بعد مجھے ان کے ساتھ رہنے کا موقع نہیں ملا لیکن بعد میں مسلم پرسنل لاء بورڈ کی میٹنگوں میں مولانا مرحوم جس زمانہ میں اس کے جنرل سکریٹری تھے انہیں دیکھنے اورسننے کا موقع ملااورتب یہ عقدہ بھی ہم پر کھلاکہ وہ ایک بہترین منتظم بھی ہیں، مولانا مدنی نے کہا کہ مولانا مسلم پرسنل لاء بورڈکی پالیسی کے مطابق ہی بورڈکی میٹنگ کو بہت ہی اچھے اندازمیں چلاتے تھے، تمام لوگوں سے گفتگوکرنابورڈ کے پروگراموں کومؤثرطریقہ سے چلانا اورلوگوں کے سوالوں کا جواب دینا یہ تمام خوبیاں ان کے اندربدرجہ اتم موجودتھیں، اور اپنی ان تمام صلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے مسلم پرسنل لاء بورڈکے اغراض ومقاصدکو آگے بڑھانے کی کوشش کی۔ مولانا رحمانی کی اچانک رحلت نے لاکھوں لوگوں کو سوگوارکردیا ہے،مگرخصوصا مسلم پرسنل لاء بورڈکے صدروسرپرست حضرت مولانا سید رابع حسنی ندوی صاحب کے لئے یہ ایک بہت بڑاحادثہ ہے۔ میری یہ دعاہے کہ اللہ تعالیٰ بورڈکومولانا مرحوم کانعم البدل عطاء فرمائے اورحضرت مولانا کی سرپرستی اور صدارت میں بورڈمزید ترقی کرے۔ بارگاہ خداوندی میں دعاہے کہ اللہ ان کی بال بال مغفرت فرمائے اور ان کے پسماندگان کی نگہبانی فرمائے۔
صدر جمعیۃ علماء ہندنے جماعتی رفقاء اور اہل مدارس سے مولانا مرحوم کے لئے ایصال ثواب اور بارگاہ رب العزت میں دعاء مغفرت کی اپیل کی ہے